ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی نے بدعنوانی پر کرناٹک حکومت کو گھیرا تو ٹویٹ کے ذریعہ سدارمیا نے دیا یہ جواب

مودی نے بدعنوانی پر کرناٹک حکومت کو گھیرا تو ٹویٹ کے ذریعہ سدارمیا نے دیا یہ جواب

Sat, 05 May 2018 22:02:21    S.O. News Service

بنگلورو ،05؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )کرناٹک کے وزیراعلی سدارمیا نے کرناٹک حکومت پر وزیراعظم کی جانب سے لگائے گئے کرپشن کے الزامات پر مودی کو ٹوئیٹ کے ذریعہ جواب دیا۔ یہ جواب ،مودی کی جانب سے سدارمیا کو راست طورپر نشانہ بناتے ہوئے کرناٹک کی کانگریس حکومت کو ’’سیدھا۔روپیہ سرکار‘‘قرار دینے کے جواب میں سامنے آیا ہے۔ تین مئی کو وزیراعظم نے کہا تھا کہ ریاست میں رشوت کے بغیر ایک بھی کام ممکن نہیں ہے ۔

اس کا جواب دیتے ہوئے سدارمیا نے کہا’’پیارے وزیراعظم ۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ نے ان انتخابات میں کرپشن کو مسئلہ بنایا ہے ۔ یہ آپ کا کمزور نکتہ ہے۔ آپ ہماری حکومت کے بارے میں بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔‘‘ سدارمیا نے کہا کہ بی جے پی ریڈی برادارن کے 35000کروڑ روپئے کے غیر قانونی کچے دھات کی کانکنی کے گھپلے کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں مزید کہا’’کیا آپ انتخابات میں کامیابی کے لئے ریڈی برادارن کا استعمال کرنے کی اخلاقیات پر پانچ منٹ بات کرسکتے ہیں؟رشوت خوری ، دھوکہ دہی ،جعلسازی کے 23معاملات کا سامنا کرنے والے شخص کو امیدوار بنایا گیا ۔آپ کب آپ کے لیڈران کے کرپشن کے الزامات پر اظہار خیال کریں گے؟‘‘ریاست میں انتخابات کے پیش نظر وزیراعظم مودی اور وزیراعلی سدارمیا کے درمیان الفاظ کی جنگ چھڑ گئی ہے۔


Share: